09 فروری ، 2013
اسلام آباد … صدر آصف زرداری نے بیرسٹر مسعود کوثر کی جگہ انجینئر شوکت اللہ کو خیبر پختونخوا کا نیا گورنر مقرر کر دیا، وہ کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ترجمان پی ایم ہاوٴس کے مطابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر نئے گورنر کا تقرر کیا جو کل شام 4 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نئے گورنر سے حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے گورنر بیرسٹر مسعود کوثر کی تبدیلی پر اتفاق ان کی صحت کی خرابی کے باعث کیا گیا، وہ چند روز قبل ایک تقریب میں شرکت کے دوران طبیعت ناساز ہونے کے باعث گر پڑے تھے۔ انجینئر شوکت اللہ نے وزیراعظم کے ہمراہ گزشتہ روز صدر آصف زرداری سے ملاقات کی اور وزیراعظم کی آج صبح لندن روانگی سے قبل ان سے بھی دوبارہ ملے۔