Time 14 جولائی ، 2024
پاکستان

جماعت اسلامی کا مہنگائی اور ٹیکسز کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

جماعت اسلامی کا مہنگائی اور ٹیکسز کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان
26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے ساتھ عدالتوں میں بھی جائیں گے: امیر جماعت اسلامی. فوٹو فائل 

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی اور  بجلی کے بلوں میں بے تحاشا ٹیکسز کیخلاف  26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔ 

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی منہگائی کے خلاف  آج ملک گیراحتجاج کر رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دھرنے ہوں گے جب کہ بجلی ٹیرف میں  بےتحاشا ٹیکسز کے خلاف  26 جولائی کو  اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا اور  مطالبات کی منظوری تک نہیں اٹھیں گے۔ 

مرکزی امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 26 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کو پرامن دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، عوام دشمن اقدامات کےخلاف ”حق دو عوام کو“ تحریک چلا رہے ہیں، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر بھی نکلیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔ 

حافظ نعیم نے کہا کہ ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کےخلاف ہے،  حکمران آئی ایم ایف کے حکم پربجلی بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں اور ظالمانہ سلیب سسٹم پرعوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی، چیف الیکشن کمشنر فوری طورپر استعفیٰ دیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ ایک جوڈیشل کمیشن بنائے اور فارم 45کی بنیاد پر ہر سیٹ کا فیصلہ کرے، انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی پارٹیوں نے مخصوص نشستیں لے لیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ آدھا نہیں پورا قبول کیا جائے۔ 

مزید خبریں :