14 جولائی ، 2024
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ویمن ایشیا کپ میں پہلا میچ ہی بھارت سے کھیلنا ہے جس کیلئے کافی جوش ہے کیونکہ اس میچ میں کسی کو اٹھانا اور جگانا نہیں پڑتا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو پہلے بھی ہرایا ہے اس بار بھی جیت کر ایشیا کپ کا آغاز شاندار انداز سے کرنا چاہیں گے۔
ندا ڈار نے کہا کہ گذشتہ ایشیا کپ کا سیمی فائنل کھیلے تھے لیکن کامیابی نہیں ملی تھی، اس بار کافی تیاری کی ہے سیمی فائنل اور فائنل جیتنے کی امیدیں نظر آرہی ہیں ، میری کپتانی میں سیریز میں تو بہت کامیابیاں حاصل کیں لیکن کوئی ٹرافی نہیں اٹھائی۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن ٹیم ایشیا کپ یا ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے ، ایشیا کپ سری لنکا میں ہے اور ورلڈ کپ بھی بنگلادیش میں ہوگا دونوں بڑے ایونٹ ایشین کنڈیشن میں ہیں اور ہمیں ایشین کنڈیشن میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ سے ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ملے گا۔
کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے پاکستان ویمن ٹیم میں پہلی بار تسمیہ رباب لفٹ آرم فاسٹ بولر آئی ہیں، ان کی شمولیت سے یقینی طور پر ٹیم کو فائدہ ہوگا جس پر کوچ جنید خان بہت کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی ویمن کرکٹ پر بہت توجہ دے رہا ہے اور اچھے اقدام بھی کررہا ہے، ایسے فیصلوں سے ویمن کھلاڑیوں کو اعتماد ملتا ہے۔
ندا ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو مزید اوپر جانے میں وقت لگے گا انہوں نے وہ وقت بھی دیکھا ہے جب ویمن کرکٹرز نہیں ہوتی تھیں لیکن اب لڑکیاں آرہی ہیں، جونئیر ٹیمیں بھی بن رہی ہیں ہم فوری طور پر نتائج پر جاتے ہیں۔
کپتان نے کہا حالانکہ جس سطح سے ویمن کرکٹ نے پروان چڑھنا شروع کیا ہے اس میں ابھی بھی وقت لگ سکتا ہے۔