10 فروری ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہاہے کہ برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سب سے زیادہ امداد دی جاتی ہے اور ڈیوڈ کیمرون نے پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بریڈ فورڈ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔ برطانیہ نے افغانستان میں بھی امن و امان کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ان کا حالیہ دورہ برطانیہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزیدمستحکم کرے گا۔انھوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملک سے نہ ٹوٹنے والا رشتہ ہے۔ملک میں الیکشن کے حوالے سے راجہ پرویزاشرف نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی دو تہائی اکثریت حاصل کرلے گی اوراپنی خامیوں پر قابو پالیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساری قوم اورتمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔اس سے پہلے وزیر اعظم نے بریڈ فورڈمیں مشین ریڈ ایل پاسپورٹ اسکیم کا افتتاح بھی کیا۔