11 فروری ، 2013
کراچی…کراچی میں شارع فیصل پر ملیر ہالٹ سے ایئر پورٹ تک آنے والی شاہراہ پرسیوریج لائن کی کھدائی کے باعث متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکل سوارحادثات کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکموں کی جانب سے شہریوں کی رہنمائی اور حادثات سے بچنے کے لئے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے ہیں۔ شاہراہ فیصل پر ملیر ہالٹ سے جناح ٹرمینل موڑ کی جانب آتے ہوئے سٹرک کی دونوں جانب سیوریج لائن کی کھدائی ہونے اور پھر متعلقہ محکموں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئی سائن بورڈز یا سگنل لائٹس نہ لگائے جانے کے باعث متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں حادثات کا شکار ہورہی ہیں، رات بھر درجنوں موٹر سائیکل سوار افراد زخمی ہوتے رہے۔ مقامی ٹیلی وژن چینل سے وابستہ اور ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار 3 ملازمین بھی زخمی ہوئے، جن میں سے بابر نامی نوجوان کی حالت تشویشناک ہے۔ رات بھر لوگوں کو حادثات سے بچانے کے لئے علاقے میں رہائش پزیر نوجوان گاڑی والے افراد کی رہنمائی کرتے رہے، جبکہ انہی نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مٹی بھر کر سٹرک پر کھُدے ہوئے گھٹرے بھی بھرنے کی کوشش کی۔