19 جولائی ، 2024
وفاقی حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے کے مطابق پاکستان نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دے کر عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم کے سد باب کا مطالبہ کرے گا، ساتھ ہی پاکستان تمام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے گا۔
معاہدے کے مطابق فلسطین میں پاکستان کی امداد بڑھائی جائے گی، حکومت فی الفور فلسطین کو غذائی امداد بھیجے گی۔
معاہدے کے مطابق حکومت 31 جولائی تک ایک ہزار ٹن تک طبی اور غذائی امداد فلسطین بھیجے گی۔
معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کرے گی۔
معاہدے پر حکومت کی جانب سے رانا ثنا اللہ اور وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کے دستخط ہیں جبکہ تحریک لبیک کی جانب سے ڈاکٹر شفیق امینی اور علامہ غلام عباس فیضی نے دستخط کیے۔
خیال رہے کہ ٹی ایل پی نے فلسطین کے حوالے سے اپنے مطالبات منوانے کے لیے گزشتہ کئی روز سے اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا دیا ہوا تھا۔
حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد آج شام وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور ٹی ایل پی رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا تھا۔