Time 25 جولائی ، 2024
کھیل

پیرس اولمپکس: پہلے فٹبال میچ میں شدید ہنگامہ آرائی، اسٹیڈیم خالی کرانا پڑ گیا

پیرس اولمپکس: پہلے فٹبال میچ میں شدید ہنگامہ آرائی، اسٹیڈیم خالی کرانا پڑ گیا
ہنگامہ آرائی کی وجہ سے مراکش اور ارجنٹینا کا میچ 4 گھنٹے میں مکمل ہوا جس میں مراکش کو فتح ملی/ فوٹو اے پی

پیرس اولمپکس میں  ارجنٹینا اور مراکش کے درمیان پہلا فٹبال میچ  ہنگامہ آرائی کے سبب 4 گھنٹے میں مکمل ہوا جس میں مراکش کو فتح ملی۔

پیرس اولمپکس کے پہلے  فٹبال  میچ میں ارجنٹینا اور مراکش کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوگئی جس کے بعد  اسٹیڈیم کو تماشائیوں سے خالی کراکے میچ مکمل کرا یا گیا تاہم ہنگامہ آرائی کی وجہ سے میچ 4 گھنٹے میں مکمل ہوا۔

پیرس اولمپکس میں فٹبال کا پہلا میچ مراکش اور ارجنٹینا کے درمیان ہوا، میچ میں  مراکش نے وقفے وقفے سے 2 گول کرکے پوزیشن مضبوط حاصل کرلی، ارجنٹینانے 68 ویں منٹ میں  گول کرکے مقابلہ دو ایک کیا لیکن پھر 15 منٹ کا انجری ٹائم ملا جس پر ارجنٹینا نے ایک اور گول کرکے مقابلہ دو دو سے برابر کردیا۔

اس کے بعد اسٹیدیم میں موجود تماشائیوں نے ہنگامہ شروع کردیا اور ہنگامہ آرائی کے دوران تماشائیوں نے  پانی کی بوتلیں گراؤنڈ میں  پھینکیں، صورتحال اس قدر بگڑ گئی کہ اسٹیدیم کو تماشائیوں سے خالی کرانا پڑا  اور اس دوران میچ پورے2گھنٹے رکا رہا۔

 اسٹیڈیم تماشائیوں سے خالی کرانے کے بعد میچ شروع ہوا تو ارجنٹینا کا دوسرا گول واپس لے لیا گیا  کیوں کہ ریویو میں ارجنٹینا کے کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دیا گیا۔

خالی اسٹیڈیم میں  مراکش کی دو ایک سے برتری کے ساتھ میچ مکمل کرایا گیا اور یوں مراکش نے پہلا میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

واضح رہےکہ پیرس اولمپکس 2024 میں فٹبال اور رگبی کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں تاہم  ایونٹ کی افتتاحی تقریب 26 جولائی کو ہوگی۔

مزید خبریں :