Time 25 جولائی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل میپس اب ویب ورژن میں بھی دستیاب

ایپل میپس اب ویب ورژن میں بھی دستیاب
کروم پر ویب ورژن اس طرح کام کرے گا / اسکرین شاٹ

آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرائے جانے کے لگ بھگ 12 سال بعد ایپل میپس کو آخرکار ویب ورژن میں متعارف کرا دیا گیا۔

ایپل کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ایپل میپس کو ابتدائی طور پر بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق صارفین اب ایپل میپس کو میک یا ونڈوز کمپیوٹر پر استعمال کرسکتے ہیں۔

اس کے لیے انہیں اپنے ویب براؤزر پر beta.maps.apple.com یو آر ایل لکھ کر انٹر دبانا ہوگا۔

ایپل میپس کا ویب ورژن ابھی سفاری، کروم اور ایج براؤزر پر استعمال کرنا ممکن ہے۔

ویب ورژن میں ایپل میپس کو استعمال کرنے کا تجربہ آئی او ایس ڈیوائسز جیسا ہی ہوگا اور آپ ایڈریسز کو سرچ بھی کر سکتے ہیں۔

اسی طرح ڈرائیونگ اور واکنگ ڈائریکشنز جان سکتے ہیں جبکہ کاروباری اداروں کے فون نمبر، کام کرنے کے اوقات اور پیمنٹ آپشنز کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق Look around (جو ایپل میپس میں اسٹریٹ ویو جیسا فیچر ہے) اور آئی فونز میں دستیاب دیگر ایپل میپس فیچرز آئندہ چند ماہ کے دوران ویب ورژن میں متعارف کرائے جائیں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ ایپل میپس کو جلد دیگر خطوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :