Time 17 اکتوبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

5 دہائیوں بعد چاند پر قدم رکھنے والے انسانوں کیلئے نئے اسپیس سوٹ تیار

5 دہائیوں بعد چاند پر قدم رکھنے والے انسانوں کیلئے نئے اسپیس سوٹ تیار
یہ اسپیس سوٹ آرٹیمس 3 مشن میں استعمال کیے جائیں گے / رائٹرز فوٹو

5 دہائیوں بعد انسان ایک بار چاند پر جانے کے لیے تیار ہیں اور وہاں جانے والے خلا بازوں کے لیے نئے ڈیزائنر اسپیس سوٹ تیار کرلیے گئے ہیں۔

فیشن ڈیزائنر پراڈا اور خلائی کمپنی Axiom Space کے تیار کردہ اسپیس سوٹ ڈیزائن کو متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ اسپیس سوٹ ناسا کے آرٹیمس 3 مشن کے دوران خلا باز استعمال کریں گے۔

ستمبر 2026 میں شیڈول آرٹیمس 3 مشن کے ذریعے انسانوں کی 50 سال سے زائد عرصے بعد چاند کی سطح پر واپسی ہوگی۔

مگر اس بار انسان چاند کے اس مقام پر اتریں گے جہاں وہ پہلے کبھی نہیں گئے اور وہ ہے چاند کا قطب جنوبی۔

اٹلی کے شہر میلان میں ایک خلائی کانفرنس کے موقع پر نئے اسپیس سوٹ متعارف کرائے گئے۔

Axiom Extravehicular Mobility Unit (اے ایکس ای ایم یو) نامی اسپیس سوٹ کو چاند کے قطب جنوبی کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

چاند کے اس خطے میں خلا بازوں کو زیادہ سرد ماحول کا سامنا ہوگا۔

Axiom کے مطابق اس اسپیس سوٹ کے اندر متعدد سسٹمز نصب کیے گئے ہیں جبکہ ایک تشخیصی نظام بھی موجود ہے جو خلا بازوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

5 دہائیوں بعد چاند پر قدم رکھنے والے انسانوں کیلئے نئے اسپیس سوٹ تیار
اس اسپیس سوٹ میں متعدد سسٹمز نصب ہیں / فوٹو بشکریہ پراڈا

اسی طرح ہیلمٹ میں ایچ ڈی کیمرا اور لائٹس موجود ہیں جبکہ اسپیس سوٹ میں 4 جی ایل ٹی کمیونیکیشن سپورٹ، سوٹ کنٹرول انٹرفیس، بائیومیٹرک مانیٹرنگ اور پورٹ ایبل لائف سپورٹ جیسے سسٹمز موجود ہیں جو خلا بازوں کو چاند کی سطح پر 8 گھنٹوں تک محفوظ رکھیں گے۔

Axiom کے صدر میٹ اونڈلر نے اس موقع پر کہا کہ 2 سال بعد جب ناسا کا آرٹیمس 3 مشن روانہ ہوگا تو خلا باز یہ اسپیس سوٹ استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایک خاتون بھی یہ اسپیس سوٹ پہن کر چاند پر چہل قدمی کرے گی۔

اس اسپیس سوٹ کی ابھی ویکیوم چیمبرز اور کم کشش ثقل والے ماحول میں آزمائش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آرٹیمس 3 مشن میں 4 خلا بازوں کو چاند پر بھیجا جائے گا۔

آرٹیمس 3 مشن کی کامیابی کا ایک حصہ اسپیس ایکس کے اسٹار شپ راکٹ سے جڑا ہے جس کو پہلے بغیر انسانوں کے چاند کی سطح پر آزمائشی طور پر اتارا جائے گا جس کے بعد اسے آرٹیمس 3 کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

5 دہائیوں بعد چاند پر قدم رکھنے والے انسانوں کیلئے نئے اسپیس سوٹ تیار
آرٹیمس 3 مشن 2026 میں چاند کے قطب جنوبی پر بھیجا جائے گا / فوٹو بشکریہ پراڈا

انسانوں کو بھیجنے سے پہلے اسٹار شپ کو زمین کے مدار میں موجود ایک اسٹوریج ڈپو پر بھیجا جائے گا جہاں سے وہ انسانی لینڈنگ سسٹم کے لیے ایندھن حاصل کرے گا۔

جب اورین اسپیس کرافٹ چاند کے مخصوص راستے پر پہنچے گا تو وہاں 2 خلاباز اسٹار شپ پر سوار ہوکر چاند کے قطب جنوبی پر اتریں گے۔

چاند پر کچھ وقت قیام کرکے وہ خلا باز اسٹار شپ کے ذریعے اورین اسپیس کرافٹ تک پہنچیں گے اور وہاں اپنے باقی 2 ساتھیوں کے ساتھ زمین کی جانب واپس لوٹیں گے۔

آرٹیمس 3 سے قبل آرٹیمس 2 مشن کو چاند پر بھیجا جائے گا جس پر انسان بھی سوار ہوں گے مگر یہ مشن چاند کی سطح پر نہیں اترے گا۔

آرٹیمس 2 مشن ستمبر 2025 میں بھیجے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :