13 فروری ، 2013
پشاور … پشاور ہائیکورٹ نے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے پولیٹیکل حکام کو آخری وارننگ دیدی۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے ڈرون حملوں کے خلاف مسلم لیگ ن کے رہنماء ایف ایم صابر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر رٹ کی سماعت کے دوران شمالی اور جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل حکام کو حملوں کی تفصیلی رپورٹس جمع کرانے کیلئے آخری وارننگ دی اور پولیٹیکل انتظامیہ کی شمالی وزیرستان پر رپورٹ کو نامکمل قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ،تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگراگلی سماعت میں رپورٹ پیش نہیں کی گئی توپی اے جنوبی وزیرستان کی تنخواہ بند کردی جائے گی۔ رٹ میں جنرل (ر) پرویزمشرف، شمالی و جنوبی وزیرستان کے پی ایز، سیکریٹری دفاع، داخلہ اور خارجہ کو فریق قرار دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے پارٹی رہنماء معظم بٹ ایڈووکیٹ سے جنرل (ر) پرویز مشرف کے بارے میں استفسار کیا کہ وہ کہاں ہیں، پرویز مشرف ایک اور کیس میں بھی اشتہاری ہیں، ان سے پاور آف اٹارنی لے کر ان کا موٴقف لیں۔