پاکستان
13 فروری ، 2013

وزیراعظم کی الطاف حسین سے فون پر گفتگو، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی الطاف حسین سے فون پر گفتگو، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

لندن … وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو کی، دونوں رہنماوٴں میں نگراں حکومت کی تشکیل، ملک میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ ٴ خیال ہوا ، وزیراعظم نے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی، الطاف حسین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بتایا کہ اب طبیعت بہتر ہے ۔ نگراں حکومت کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے الطاف حسین کو بتایا کہ وہ اس سلسلے میں جلدہی لیڈر آف اپوزیشن کو باقاعدہ خط لکھیں گے اور نگراں وزیراعظم کے نام کوحتمی شکل دینے کیلئے اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور معاملہ اتفاق رائے سے طے کیاجائے گا ، انتخابات کو صاف وشفاف بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہم سب کی خواہش ہے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں اور الیکشن کمیشن بھی مکمل طور پر غیر جانبدار، ایماندار اور دیانتدار ہو تاکہ کوئی بھی اس پر انگلی نہ اٹھاسکے۔ الطاف حسین نے وزیراعظم سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور اس سلسلے میں موٴثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے پولیس کی نفری نہ ہونے کے برابر ہے لہٰذا دہشت گردی پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کی نفری میں ہنگامی بنیادوں پر اضافہ کیا جائے اور پولیس کو جدید اسلحہ، گاڑیوں اور دیگر آلات سے لیس کیا جائے۔ وزیراعظم نے الطاف حسین کی تجویز سے مکمل اتفاق کیا اور اس سلسلے میں حکومت کے عزم کو دہرایا۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے الطاف حسین کو برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات اور اپنے دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ الطاف حسین نے وزیراعظم کو ان کے کامیاب دورہٴ برطانیہ پر مبارکباد پیش کی ۔

مزید خبریں :