09 اگست ، 2024
نامور جریدے ٹائم میگزین نے دنیا کے عظیم ترین مقامات کے 2024 کے ایوارڈز کا اعلان کرتے ہوئے سعودی عرب کے شہر العلا کے 2 مقامات کو بھی ایوارڈ سے نوازا ہے۔
دنیا بھر میں ٹائم میگزین کے ایڈیٹرز اور نمائندگان کے ذریعے مرتب کی گئی فہرست میں دنیا کے 100 غیر معمولی مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ایوارڈ حاصل کرنے والا پہلا مقام ڈار ٹنٹورا دی ہاؤس ہوٹل العلا میں مئی 2024 میں ہی قائم کیا گیا ہے، 800 سالہ قدیم شہر میں مٹی کی اینٹوں سے بنے مکانات میں دی ہاؤس ہوٹل العلا کے تاریخی قدیم ٹاؤن میں قائم ہونے والی پہلی پراپرٹی ہے، یو این ڈبلیو ٹی او نے 2022 میں اسے بہترین سیاحتی مقام کے طورپر تسلیم کیا تھا۔
العلا کے صحرائی نخلستان میں واقع ڈارٹنٹورا میں سیاحوں کو بہترین خدمات فراہم کی جاتی ہیں، مہمانوں کے لیے مٹی کی اینٹوں سے بنی تاریخی عمارتوں میں 30 کمرے بنائے گئے ہیں، یہ ایکو لاج روائتی خانہ بدوشوں کے رہن سہن کے تجربے اور بڑے پیمانے پر آرام کا ایک عمیق امتزاج پیش کرتا ہے۔
ٹائم میگزین سے ایوارڈ حاصل کرنے والا دوسرا مقام شاران نیچر ریزرو ہے۔ تقریباً 600 مربع میل (1500کلو میٹر) پر محیط خوبصورت شاران نیچر ریزرو قدرتی عجائبات کا ایک خزانہ ہے، اس کا مقصد العلا کے حساس ماحولیاتی نظام کی بحالی ہے جس کے نتیجے میں دیسی نباتات اور حیوانات کے ساتھ ساتھ خطرے سے دوچار عربی بھیڑیوں،غزالوں اور بڑے کانوں والی لومڑیوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔
قدرتی زمین اور جنگلی حیات کی بحالی کے مقصد کے ساتھ قائم کیاگیاشاران انتہائی خطرے سے دوچار عرب چیتے کے لیے ایک محفوظ ری وائلڈنگ مرکز کے طورپر کام کرے گا جو فی الحال ایک آف سائیٹ افزائش نسل ادارے پر واقع ہے۔
رائل کمیشن فار العلا کے ڈیسٹینیشن منیجمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کے نائب صدر رامی المعلم نے کہاکہ ٹائم کی جانب سے العلا کے مقامات کو دنیا کے عظیم ترین مقامات کے اعزازات ملنے پر ہمیں بہت خوشی ہے۔ کمیونٹی سے جڑے جامع اور پائیدار ترقی کے اقدامات کے ذریعے اپنے منفرد ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے العلاکی کوششیں شاندار روائیت اور لگن کی عکاسی ہیں۔
ٹائم میگزین نے نئے اور دلچسپ تجربات پیش کرنے والوں کے لیے دنیا کے عظیم ترین مقامات کی لسٹ مرتب کرنے کے لیے اپنے نمائندوں اور کنڑی بیوٹرزکے بین الاقوامی نیٹ ورک سے ہوٹلز، کروز، ریسٹورینٹس، پُرکشش مقامات، عجائب گھر، پارکس اور دیگر اہم مقامات کی نامزدگی کی لسٹ جمع کی۔ ٹائم دنیا بھر میں ایک نامور اور قابلِ قدر برانڈ ہےاور سیاحت کے شعبے میں اس کی رائے بہترین کارکردگی کا اعتراف ہے۔
ریاض سے 1100 کلو میٹر کے فاصلے پر شمال مغربی سعودی عرب میں واقع العلا غیر معمولی قدرتی اور انسانی ورثے کی جگہ ہے۔ 22561کلو میٹر پر محیط وسیع علاقے میں ایک سرسبز نخلستان کی وادی، ریت کے پتھروں کے بلند پہاڑ اور قدیم ثقافتی ورثے کے مقامات شامل ہیں جو ہزاروں سال پرانی ہیں جب لیہان اور نباتائی سلطنتوں کا راج تھا۔
العلا میں سب سے مشہور اورتسلیم شدہ سائیٹ ہیگرا ہے جو سعودی عرب میں یونیسکو کا پہلا عالمی ثقافتی ورثہ ہے۔ 52 ہیکڑ پر مشتمل قدیم شہر،ہیگرا نباتائی بادشاہت کا مرکزی جنوبی شہر تھا اور 111 محفوظ مقبروں پر مشتمل ہے جس میں ریت اور پتھروں کی چار دیواری موجود ہے۔