14 فروری ، 2013
کراچی …کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ رات جلاوٴ گھیراوٴ ،ہنگامہ آرائی،فائرنگ،پر تشدد واقعات اور گرفتاریوں کے بعد صورتحال معمول پر آگئی ہے، لیکن علاقے میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہے۔گزشتہ روز رینجرز کی جانب سے ایک سیاسی جماعت کے کارکن طارق ترین کی گرفتاری کے بعد رابعہ سٹی اپارٹمنٹ کے اطراف میں شرپسند عناصر نے شدید ہنگامہ آرائی کی ، جس کے دوران ایک درجن گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں ،رکشہ کو آگ لگادی گئی تھی،اس کے علاوہ علاقے میں لگنے والے بچت بازار کے شامیانوں اور کئی پتھاروں کو بھی جلا دیا گیا تھا ، فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی بھی ہو ئے تھے جس کے بعد پولیس اور رینجرز دوبارہ سے متحرک ہوئی اور انہوں نے رابعہ سٹی اپارٹمنٹ میں آپریشن کیا جس کے دوران کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیر حراست ملزمان کو رینجرز اہلکاراپنے ساتھ لے گئے ۔ آپریشن کے دوران بکتر بند گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار اہلکاروں نے بھی حصہ لیا آپریشن کے دوران پکڑے گئے 6 افراد کو تھانہ شارع فیصل بھی منتقل کردیا گیا۔ علاقے میں صبح کے وقت کھلنے والی دکانیں کھل گئی ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔