14 فروری ، 2013
اسلام آباد… عوامی نیشنل پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے، کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے پورا ملک کا مسئلہ ہے ، اس سے نظر چرانے کی بجائے حل تلاش کرنا ہوگا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں کانفرنس میں مسلم لیگ ن ، جمعیت علما اسلام، جمعیت علما پاکستان ، فاٹا پارلیمنٹرین گروپ، نیشنل پارٹی ، پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی ، بی این پی مینگل ، سنی تحریک ، مسلم لیگ فنکشنل ، وکلا تنظیموں ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے وفود کی شریک ہیں جبکہ حکومتی اتحادی جماعتیں کانفرنس کے پہلے سیشن میں شریک نہیں ، سینٹر زاہد خان کا کہنا ہے وہ کانفرنس کے دوسرے سیشن میں شریک ہوں گی۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا کہ الیکشن کا انعقاد قریب ہے، لیکن دہشت گردی کا مسئلہ انتخابات کے ساتھ ختم ہونے والا نہیں۔انھوں نے کہا حکومتیں آئیں گی ، جائیں گی، عوام کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے جدو جہد کرنا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ آج کی آل پارٹیز کانفرنس میں کوئی ایجنڈا نہیں دیا ، سب کی تجاویز کی روشنی میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔