Time 15 اگست ، 2024
پاکستان

انٹیلی جنس رپورٹس ہیں کہ ڈی سی پنجگور کو بی ایل اے نے شہید کیا: وزیر اعلیٰ بلوچستان

انٹیلی جنس رپورٹس ہیں کہ ڈی سی پنجگور کو بی ایل اے نے شہید کیا: وزیر اعلیٰ بلوچستان
 ذاکربلوچ کی بیوہ کو ان کی تعلیم کے مطابق ملازمت دیں گے، شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات حکومت ادا کرے گی: سرفراز بگٹی__فوٹو: فائل

کوئٹہ: بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز  بگٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اینٹیلی جنس معلومات ہیں کہ ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ کو کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے شہید کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایک بیان میں کہا کہ جو اسکولوں میں دھماکے کر رہےہیں ان کےلیےکوئی ہمدردی نہیں ہے، ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ کو بےدردی سے شہید کیاگیا، ہمارے پاس اینٹیلی جنس رپورٹس ہیں کہ یہ واقعہ بی ایل اے نےکیا ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بی ایل اے کی جانب سے بلوچوں کی نسل کشی ہو رہی ہے، شبیر بلوچ کو کتنی بے دردی کے ساتھ شہید کیا گیا، ریاست کے خلاف یہ سب کچھ ایک منظم سازش کے تحت ہو رہاہے، ہوشاپ میں کالج کو شہید ذاکر بلوچ کے نام سے منسوب کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذاکر بلوچ کی فیملی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ذاکربلوچ کی بیوہ کو ان کی تعلیم کے مطابق ملازمت دیں گے، شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات حکومت ادا کرے گی، ان کے بچوں اور فیملی کو سپورٹ کریں گے۔

سرفراز بگٹی کے مطابق اخوت پاکستان کے ساتھ مل کرپروگرام لا رہے ہیں، بلوچستان کے لاکھوں نوجوانوں کو بزنس پلان دیں گے، افواہ تھی کہ شعبان میں کچھ لاشیں ملی ہیں لیکن یہ سنی سنائی بات تھی، 13 اگست کو دستی بم پھیک کر خاتون کو شہید کیا یہ کون سی بلوچی روایت ہے، خضدار میں صدیق مینگل کے قتل کے واقعے کے ملزمان گرفتار ہوئے، نوجوانوں کو بتانا ہے کہ ایسے واقعات کرنے والےملک دشمن ہیں انہیں "را" سے پیسے ملتے ہیں، ہمارے صبر کو کمزوری بالکل نہ سمجھا جائے، ہم حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ریفارمز ایجنڈا پر کام کر رہی ہے، اسکالرشپ پروگرام کی منظوری ہو چکی ہے، سب کو بہت زیادہ تبدیلیاں نظر آنا شروع ہو جائیں گی، ہم مزدوروں کے 500 بچوں کو تعلیم کے لیے اسلام آباد بھیج رہے ہیں، مزدورکا بچہ تعلیم حاصل کرےگا اور ملک کی خدمت کرےگا۔

مزید خبریں :