22 اگست ، 2024
اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
مونس الٰہی سمیت دیگر اشتہاری ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں ہوئی۔ اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد نے ایف آئی اے کے چالان پر سماعت کی۔
عدالت نے مونس الہٰی سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنےکا حکم دے دیا۔
اشتہاری ملزمان میں مونس الٰہی، فراست علی چٹھہ، امتیاز علی شاہ، عامر سہیل اور عامر فیاض شامل ہیں۔
عدالت نے مونس الہٰی اور ضیغم عباس کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور قصور میں مونس الہٰی کی 26 کنال سے زائد اراضی بھی منجمد کرنے کا حکم دیا۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ نے مونس الہٰی کے نام پر لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقعہ ایک پلاٹ اور ایک گھر بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت 19ستمبر تک ملتوی کر دی۔