Time 22 اگست ، 2024
پاکستان

افغانستان سے پاکستان لائے گئے غیر ملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت ایک بار پھر منظر عام پر

پاکستان میں افغانستان سے لائے جانے والے غیر ملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت ایک بار پھر سامنے آگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ مستونگ آپریشن میں دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں غیر ملکی اسلحہ برآمد ہوا، برآمد کیے گئے اسلحے میں آر پی جی، 8 ایم ایم اے کے اور دھماکہ خیز مواد شامل ہے، آپریشن کے دوران بی ایل اے کے تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔

ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں سے بھی بھاری تعداد میں غیر ملکی اسلحہ برآمد ہوا، اسلحے میں پی کے ایم مشین گن،گرینیڈ،  آر پی جی، اے کے ایم رائفل اور راکٹس بھی شامل ہیں۔ 

خیبر میں آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے ایم فور/اے ون، اے کے 47، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

پشین میں بھی آپریشن کے دوران ہلاک تین دہشت گردوں سے غیر ملکی اسلحہ برآمد ہوا۔

06 اپریل 2024 کو شمالی وزیرستان میں 2 دہشت گردوں سے اے کے 47، ایم 16 اے 4، ہینڈ گرینیڈ اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملے کے دوران بی ایل اے کے دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے غیر ملکی اسلحے میں اے کے 47، ایم 16 اے 4، گرینیڈ لانچر اور ہینڈ گرینیڈ شامل تھے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرتے ہیں۔

مزید خبریں :