16 فروری ، 2013
کراچی…سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جرائم میں ملوث 423 پولیس افسران کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی بے امنی کیس کے روبرو ممبر انسپکشن ٹیم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سندھ پولیس کے 423 افسران سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف مقدمات درج ہیں۔درخواست گزار نے موٴقف اختیار کیا کہ جرائم پیشہ پولیس افسران مختلف عہدو ں پر کام کررہے تھے جس کے ذمے دار چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 423 پولیس افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جائیں۔