04 ستمبر ، 2024
وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی تصدیق کر دی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ انہوں نے محمود خان سے سوال کیا تھا کہ بانی عمران خان نے آپ کو کیا مینڈیٹ دیا ہے؟ کیونکہ وہ یہ بات کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
رانا ثنااللہ نے بتایا کہ اچکزئی صاحب نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جب تک سب ایک دوسرے کو برداشت کرکے بات نہیں کریں گے تو معاملہ آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ نواز شریف نے بھی ہمیشہ یہی بات کی ہے اور کبھی یہ نہیں کہا کہ پی ٹی آئی کو نکال دو۔
اس کے علاوہ 9 مئی پر معافی مانگنے کی شرط سے متعلق سوال پر رانا ثنا نے کہا کہ سیاست میں کچھ باتیں جواب در جواب کہنا لازم ہوجاتی ہیں کیونکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان روز یہ کہتے ہیں کہ میں ان کے ساتھ بات کرنے پر تیار نہیں ہوں ۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے وزیراعظم بنتے ہی جب سب کو بات چیت کرنے کی پیشکش کی تو معافی کی شرط نہیں لگائی تھی۔