17 فروری ، 2013
لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ کے کیرانی روڈ پر دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کئے جانے پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے، حکومت اور تمام ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے ذمہ دار عناصر کیخلاف فی الفور کارروائی کی جائے اور ہزارہ کمیونٹی کی نسل کشی بند کی جائے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ تمام تر حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود سانحہ علمدار روڈکے ذمہ دار دہشت گردوں کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی، دہشت گردوں کی جانب سے گزشتہ روز کوئٹہ کے کیرانی روڈ پر ایک اور بڑادھماکہ کیا گیا جس میں ہزار ہ کمیونٹی کے 80 سے زائد معصوم و بے گناہ نوجوان، بزرگ، عورتیں اورمعصوم بچے شہید اور تقریباً 200 افراد موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا ہیں لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اتنی بڑی دہشت گردی کو 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود اب تک ذمہ دار عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیاکہ خفیہ تحقیقاتی ادارے، قانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کی کمین گاہوں پر کارروائی کریں اور سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ الطاف حسین نے بم دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی تمام تر ہمدردیاں مظلوم ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہیں ۔