17 فروری ، 2013
بدین … چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے وقت پر شفاف انعقاد میں عدلیہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور دوران الیکشن جھوٹے مقدمات کے اندراج پر نظر رکھی جائے گی۔ بدین میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ لوگ اپنے ذاتی مفادات کیلئے عدلیہ کا غلط استعمال کرتے ہیں جس سے عدلیہ بدنام ہوتی ہے اور اس پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے جمہوریت کا ساتھ دیا حکومت کو بھی عدلیہ کا ساتھ اسی طرح دینا چاہئے تاہم جس طرح 2 محترم ججوں کی کردار کشی کی گئی وہ انتہائی افسوسناک ہے، بارہا اس سلسلے میں وضاحت کی گئی مگر کچھ نہ ہوا اور اس حوالے سے حکومت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہی نہیں ہتک آمیز بھی ہے۔ چیف جسٹس کی آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ جسٹس مشیر عالم نے ماتحت عدالتوں کے جج صاحبان اور بار کونسل کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی۔