22 ستمبر ، 2024
سابق امریکی صدر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی نائب صدر اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس کا ایک اور مباحثے کا چیلنج قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر صدارتی مباحثے کا چیلنج دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے 23 اکتوبر کو صدارتی مباحثے کے لیے تیار ہیں۔
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس کا چیلنج قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب بہت تاخیر ہو چکی ہے، اب 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن سے پہلے مباحثہ ممکن نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان 10 ستمبر کو صدارتی مباحثہ ہوا تھا جس میں تجزیہ کاروں کے مطابق کملا ہیرس کو ٹرمپ پر برتری حاصل تھی۔
اس سے قبل جون میں امریکی صدر جو بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان بھی مباحثہ ہوا تھا جس میں بائیڈن کی کارکردگی نے ڈیموکریٹکس کو آئندہ الیکشن کے لیے پارٹی اسٹریٹجی تبدیل کرنے پر مجبور کیا اور پھر کملا ہیرس کو ڈیموکریٹک صدارتی نامزد کیا گیا۔