27 ستمبر ، 2024
واشنگٹن: امریکی عدالت نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم (2024) ہیک کرنے کے الزام میں متعدد ایرانیوں پر فرد جرم عائد کردی۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرینڈ جیوری نے گزشتہ روز خفیہ طور پر فرد جرم کی منظوری دی جبکہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے آج الزامات کا اعلان متوقع ہے۔
خبر کے مطابق ٹرمپ ٹیم نے اگست میں کہا تھا کہ اس کے کچھ اندرونی مواصلات ہیک کیے گئے اور ٹرمپ کی انتخابی ٹیم نے ہیکنگ کا الزام ایرانی حکومت پر لگایا تھا۔
امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ ٹرمپ کہہ چکےہیں ان کے قتل کی کوششوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہوسکتا ہے جبکہ ایران نے ٹرمپ حملوں میں ملوث ہونے سے متعلق الزامات کی تردید کی ہے۔
واضح رہے امریکہ میں 5 نومبر کو صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں ریبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کے درمیان مقابلہ ہوگا۔