01 اکتوبر ، 2024
کوئی ایسا سوچ سکتا ہے کہ آج کل کے زمانے میں ڈھائی کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کی تنخواہ سے بھی کوئی مطمئن اور ناخوش ہوسکتا ہے؟
جی ہاں! ایسا ممکن ہے اور حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک شخص کے انٹرویو نے متعدد صارفین کو حیران و پریشان کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہری جو کہ کینیڈا میں ایک ٹیکنالوجی ماہر ہیں، انہوں نے ایک لاکھ 15 ہزار کینیڈین ڈالر (2 کروڑ 36 لاکھ پاکستانی روپے) کی نوکری پر عدم اطمینان کیا ہے۔
انسٹاگرام چینل سیلری اسکیل کے ساتھ کیے گئے ایک انٹرویو میں ٹیکنالوجی ماہر نے بتایا کہ وہ ایک لاکھ 15 ہزار کینیڈین ڈالر کماتے ہیں لیکن وہ ان پیسوں سے خوش نہیں ہیں۔
مذکورہ شخص نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ٹورونٹو کی زندگی انتہائی مہنگی ہے، گھر کا کرایہ ہی تقریباً 4 ہزار کینیڈین ڈالر چلا جاتا ہے۔
مذکورہ وائرل ویڈیو کو شیئر کیے جانے کے کچھ دیر بعد ہی 73 ہزار سے زائد ویوز اور ایک ہزار سے زائد لائکس مل گئے۔
ویڈیو پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ انسان پیسے سے کبھی مطمئن نہیں ہوسکتا، کینیڈا میں زندگی کو انجوائے کرو، یہ بھارت سے 20 گُنا بہتر ہے جب کہ دیگر صارفین نے اس شخص کی بات کو درست قرار دیا اور کچھ نے بھارتی شہری کو کمپنی تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔