21 دسمبر ، 2024
سعودی عرب نے جرمنی میں ہجوم پر کار چڑھانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں جرمنی کے شہر میگڈیبرگ میں ایک کار سوار شخص کی جانب سے کرسمس مارکیٹ میں خریداری کیلئے جمع ہجوم پر کار چڑھانے کے واقعے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے ہم نے جرمن حکام کو انتہا پسند نظریات رکھنے والے حملہ آوروں سے متعلق پہلے ہی خبردار کر دیا تھا، حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہجوم پر کار چڑھانے والے شخص کی شناخت 50 سالہ سعودی شہری طالب عبدالجواد کے نام سے ہوئی ہے جو سائیکیٹری اور سائیکو تھراپی کا ایک اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہے، ملزم جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت آلٹرنیٹیو فار جرمنی (Alternative for Germany) کے نظریات سے متاثر ہے۔
جرمن حکام کے مطابق حملہ آور سعودی شہری گزشتہ دو دہائیوں سے جرمنی میں مقیم ہے اور اس کے پاس مستقل سکونت کا کارڈ بھی ہے، ملزم کو گرفتار کر کے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔