05 اکتوبر ، 2024
بھارتی ائیر لائن کے پائلٹ نے ڈیوٹی کا وقت ختم ہونے کے بعد جہاز اڑانے سے منع کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر پونے سے بنگلورو جانے والی مقامی ائیرلائن کے ساتھ گزشتہ ماہ کی 24 تاریخ کو پیش آیا جہاں پائلٹ کے جہاز اڑانے سے انکار پر مسافروں کو 5 گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافروں سے بھرے جہاز کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا اور خبروں کی زینت بنی جب پائلٹ نے جہاز اڑانے اسے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ کا کہنا تھا کہ اس کے جہاز اڑانے کے گھنٹے پورے ہو چکے ہیں اس لیے وہ اضافی ڈیوٹی نہیں کرسکتا، جس کے بعد مسافروں میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور انہوں نے معاملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔
ائیرلائن اور پائلٹ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے پر ہوابازی کے ایک تجربہ کار سنجے لازار نے وضاحت کی کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پائلٹس اور عملے دونوں کے کام کے اوقات عالمی سطح پر ریگولیٹ کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیکٹری نہیں ہے، جب ضرورت ہو ملازمین کو بلا لیا جائے، پائلٹ اضافی ڈیوٹی نہیں کرسکتا اگر اس نے ایسا کیا تو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب ائیرلائن انتظامیہ نے جہاز کے 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے پر مسافروں سے معذرت بھی کی۔