06 اکتوبر ، 2024
انسانوں کا سب سے زیادہ وفادار جانور کتوں کو سمجھا جاتا ہے اور وہ اپنے مالکان کی زندگی بچانے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔
ایسا ہی ایک حیرت انگیز واقعہ امریکا میں سامنے آیا جہاں ایک کتے نے اپنے مالک کی زندگی بچالی۔
ریاست واشگنٹن کے ایک دیہی علاقے اسٹیونز کاؤنٹی میں گرنے سے ایک معمر شخص کی ٹانگ کو نقصان پہنچا اور وہ کئی گھنٹوں تک اٹھ نہیں سکا۔
کتے نے جب یہ دیکھا تو وہ آدھی رات کو باہر سڑک پر نکل گیا اور سڑک کے درمیان اس وقت تک بیٹھا رہا جب تک مقامی شیرف کا ایک نائب رک نہیں گیا۔
ڈپٹی شیرف نے کتے کو اپنی گاڑی میں لے جانے کی کوشش کی مگر وہ وہاں سے ہٹا نہیں۔
جس پر پولیس عہدیدار نے کتے کو وہاں چھوڑا اور وہاں قریب موجود گھروں میں جاکر چیک کرنا شروع کیا مگر وہ کتے کے مالک کو تلاش نہیں کرسکا۔
جس کے بعد وہ پھر کتے کے پاس پہنچا کیونکہ اسے لگا تھا کہ وہاں کچھ غلط ہوا ہے اور اس نے کتے کو سڑک کے درمیان لیٹے ہوئے دیکھا۔
جب ڈپٹی شیرف نے کتے کو سڑک کے کنارے پر لے جانے کی کوشش کی تو وہ وہاں سے اٹھ کر سست روی سے ایک جانب جانے لگا۔
ڈپٹی شیرف نے کتے کا پیچھا کیا اور ایک چھوٹے کیبن میں معمر شخص کو مدد کے لیے پکارتے ہوئے سنا۔
وہ معمر شخص مختلف امراض کا شکار تھا اور اسے مخصوص ادویات کی ضرورت تھی مگر گرنے کے بعد اس کے لیے ادویات کھانا ممکن نہیں رہا تھا۔
شیرف آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کتا حقیقی ہیرو ہے جس نے اپنے 84 سالہ مالک کی زندگی بچائی۔
بیان کے مطابق 25 ستمبر کو 84 سالہ شخص کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا اور اسے مدد کی فوری ضرورت تھی، اس موقع پر کتے نے اس کی زندگی بچائی۔
بیان میں کہا گیا کہ کتے کی وفاداری حیران کر دینے والی ہے کیونکہ اگر اس شخص کو ڈھونڈا نہیں جاتا تو اس کی موت کا خطرہ تھا۔