07 اکتوبر ، 2024
کسی ملازمت کے لیے درخواست بھیج کر جواب کا انتظار کرنا بہت مشکل محسوس ہوتا ہے۔
مگر ایک خاتون کو اس جواب کے لیے کچھ زیادہ ہی انتظار کرنا پڑا۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کو ملازمت کی درخواست کے جواب کا انتظار 5 دہائیوں تک کرنا پڑا۔
جی ہاں واقعی ٹیزی ہڈسن نامی 70 سالہ خاتون جوانی میں موٹر سائیکل اسٹنٹ رائیڈر بننے کا خواب دیکھتی تھیں اور 1976 میں انہوں نے اس حوالے سے ایک ملازمت کے لیے اپلائی کیا۔
48 سال بعد ان کا خط اس وقت واپس پہنچ گیا جب پوسٹ آفس نے اسے ایک دراز میں پھنسا ہوا پایا۔
یہ خاتون 48 سال بعد اپنے خط کو دوبارہ دیکھ کر دنگ رہ گئیں اور اسے حیرت انگیز قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں ہمیشہ سے سوچتی تھی کہ آخر ملازمت کی درخواست پر جواب کیوں نہیں آیا اور اب مجھے معلوم ہوگیا ہے کہ ایسا کیوں ہوا'۔
اگرچہ انہیں وہ ملازمت تو نہیں مل سکی مگر انہوں نے سانپوں کو سنبھالنے، aerobatic پائلٹ اور فلائنگ انسٹرکٹرز جیسے کام کرتے ہوئے دنیا کے مختلف حصوں کی سیر کی۔
انہوں نے یہ خط لگ بھگ 50 سال قبل بھیجا تھا مگر انہیں اب بھی وہ دن یاد ہے جب انہوں نے اسے تحریر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 'مجھے اب بھی یاد ہے کہ میں نے لندن میں اپنے فلیٹ میں اس خط کو ٹائپ کیا تھا، اسے بھیجنے کے بعد میں روزانہ اپنے پوسٹ باکس کو دیکھتی مگر وہاں کچھ نہیں ہوتا اور میں مایوس ہو جاتی'۔
خاتون کے مطابق انہیں اس خط کے ساتھ ایک ہاتھ سے لکھا نوٹ بھی ملا جو لفافے کے اوپر چسپاں کیا گیا تھا۔
اس نوٹ میں لکھا تھا کہ Staines پوسٹ آفس کی جانب سے تاخیر سے بھیجے جانے والا خط جو ایک دراز کے پیچھے پایا گیا، یہ صرف 50 سال تاخیر سے پہنچایا گیا۔
اس پر لکھنے والے کا نام موجود نہیں جبکہ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ خاتون کا گھر کیسے ڈھونڈا گیا کیونکہ وہ 48 سال کے دوران متعدد گھر بدل چکی تھیں۔