08 اکتوبر ، 2024
چین میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک سمر کیمپ کے دوران انسٹرکٹر کی جانب سے لڑکے کو زبردستی ایک ہزار اسکواٹس کرنے پر مجبور کیا گیا جس کے بعد اب اس کے زندگی بھر کے لیے معذور ہونے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ برس جون میں پیش آیا جب ایک چینی ماں نے اپنے بیٹے کو گرمیوں کی چھٹیوں میں ایک ہفتے کے لیے سمر کیمپ بھیجا جہاں جسمانی ورزش کا سیشن بھی ہونا تھا۔
سمر کیمپ کے آخری روز 13 سالہ لڑکا دوسرے لڑکوں سے باتوں میں مصروف تھا جب انسٹرکٹر نے دیکھا اور اسے 1000 اسکواٹس (اٹھک بیٹھک) کرنے کی سزا دی، لڑکا جب 200 اسکواٹس کرچکا تو اس کی ہمت جواب دے گئی اور اس کی ٹانگیں کانپنے لگیں۔
انسٹرکٹر لڑکے کے پاس آیا اور اس کی ٹانگوں پر مارا جس سے وہ گرگیا اور 30 منٹ تک زمین پر اوندھے منہ پڑا رہا جس کے بعد اس کے والدین آئے اور اسے ساتھ لے کرگئے۔
لڑکے کو اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ نہ صرف اس کے گردے اور جگر متاثر ہوا ہے بلکہ اس کی ٹانگوں کے پٹھے ٹوٹ گئے ہیں۔
ڈاکٹرز نے والدین کو افسوسناک خبر دیتے ہوئے بتایا کہ اب ان کا بیٹا کبھی کسی اسپورٹس میں حصہ نہیں لے سکے گا، وہ اب چل پھر بھی نہیں سکتا اور وہیل چیئر پر آگیا ہے۔
والدین کی جانب سے سمر کیمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے۔