Time 08 اکتوبر ، 2024
کاروبار

بیرونِ ملک سے پیسا پاکستان لانے پر ایکسچینج کمپنیوں کو ہر ڈالر کے عوض رقم ادا کی جائے گی

بیرونِ ملک سے قانونی طریقے سے پیسا پاکستان لانے پر ایکسچینج کمپنیوں کو ہر ڈالر کے بدلے رقم ادا کی جائے گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق ایکسچینج کمپنیوں کو ورکرز ترسیلات لانے پر ہر ڈالر کے عوض 2 روپے ادا کیے جائیں گے جبکہ سالانہ پانچ فیصد یا ڈھائی کروڑ ڈالر اضافی لانے پر 3 روپے ادا کیے جائیں گے اور پانچ فیصد سے زائد سالانہ ورکرز ترسیلات لانے پر 4 روپے فی ڈالر کے حساب سے رقم ادا کی جائے گی۔

ایکسچینج کمپنیوں کو ورکرز ترسیلات کے ہر ڈالر کے عوض رقم ادا کرنے کے حکومتی فیصلے پر سیکرٹری ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ نے حکومت، اسٹیٹ بینک اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ظفر پراچہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت نے جو وعدہ کیا اسے پورا کرنے پر وہ حکومت، اسٹیٹ بینک اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ترسیلات زر میں اضافے کا سبب ہوگا۔ البتہ حکومت سے کرنسی ایکسپورٹس کے بدلے ڈالر لانے پر بھی رقم ادائیگی اور ایکسچینج کمپنیز کو پی آر آئی میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی، اُمید ہے اس پر بھی جلد عمل ہوگا۔

دوسری جانب مرکزی بینک کے مطابق ورکرز ترسیلات کا ماہانہ بنیاد پر جائزہ لے کر ادائیگی کی جائے گی، جس پر عمل درآمد یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ ادائیگیوں میں ایڈجسٹمنٹ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ہوگی۔  

مزید خبریں :