Time 09 اکتوبر ، 2024
پاکستان

لاپتا شہریوں کا کیس: ملک بھر کے حراستی مراکز سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم

لاپتا شہریوں کا کیس: ملک بھر کے حراستی مراکز سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم
جبری گمشدہ شہریوں کے اہلخانہ کی مالی معاونت کردی گئی ہے: سرکاری وکیل کا عدالت میں مؤقف/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سالوں سے لاپتا شہریوں سے متعلق کیس  میں سرکاری حکام کو  ملک بھر کے حراستی مراکز سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی جس دوران سرکاری وکیل اور کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو پیش رفت سے آگاہ کیا۔ 

دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جبری گمشدہ شہریوں کے اہلخانہ کی مالی معاونت کردی گئی ہے۔ 

تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ پاپوش نگر سےلاپتا شہری عادل خان کی جےآئی ٹیز میں جبری گمشدگی کا تعین ہوچکا ہے، شہری کے اہلخانہ کی سندھ حکومت کی جانب سے مالی معاونت بھی کردی گئی ہے۔ 

اس دوران ایک خاتون نے عدالت میں بتایا کہ شوہر 8 سال سے لاپتا ہے،کئی برس سے عدالتوں اور پولیس اسٹیشنز کے چکر کاٹ رہے ہیں، اب تک پولیس نےکوئی کارروائی نہیں کی  اور نہ ہی اب تک کوئی سراغ لگایا گیا۔ 

عدالت نے لاپتا شہری امین الیاس سمیت دیگر لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں کی ٹریول ہسٹری معلوم کرنے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے ملک بھر کے حراستی مراکز سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کی ہدایت  کی اور درخواستوں پر مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔ 

مزید خبریں :