09 اکتوبر ، 2024
موجودہ عہد میں اربوں افراد انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں جس کے لیے متعدد اکاؤنٹس بناتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ای میل سروسز اور دیگر متعدد سروسز کے اکاؤنٹس پر لاگ ان ہونے کے لیے پاس ورڈز کی ضرورت ہوتی ہے اور جب آپ کے درجنوں اکاؤنٹس ہوں تو پاس ورڈز بھولنے کا امکان بھی بڑھتا ہے۔
اب ایسی دلچسپ فہرست سامنے آئی ہے جس میں دنیا میں سب سے زیادہ پاس ورڈ بھول جانے والے ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔
پاس ورڈ کنٹرول سلوشن فراہم کرنے والی ایک کمپنی Psono یہ فہرست مرتب کی ہے جس میں 55 ممالک کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے ایسے 10 ممالک کو شناخت کیا گیا جہاں کے لوگ اکثر اپنے پاس ورڈز بھول جاتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے بھی دیکھا گیا کہ ہر ملک کے رہائشیوں کے اوسطاً کتنے آن لائن اکاؤنٹس ہوتے ہیں اور وہاں آن لائن پاس ورڈ ری سیٹ سے متعلق انٹرنیٹ سرچز کتنی کی جاتی ہیں۔
اس فہرست کے مطابق آئس لینڈ 98.6 اسکور کے ساتھ دنیا کا وہ ملک ہے جہاں کے لوگوں کو پاس ورڈز یاد رکھنے میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، خاص طور پر فیس بک اور مائیکرو سافٹ سروسز کے اکاؤنٹس وہاں کے رہائشی اکثر بھول جاتے ہیں۔
90.5 اسکور کے ساتھ لگسمبرگ دوسرے جبکہ 86.7 اسکور کے ساتھ متحدہ عرب امارات تیسرے نمبر پر رہا۔
ان دونوں ممالک کے رہنے والوں کو جی میل کا پاس ورڈ یاد رکھنے میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
ایسٹونیا، لٹویا، برطانیہ، آئرلینڈ، سلوانیا، نیوزی لینڈ اور امریکا بالترتیب 4 سے 10 ویں نمبر پر رہے۔
امریکا وہ ملک ہے جہاں ہر انٹرنیٹ صارف کے اوسطاً 80 اکاؤنٹس ہیں جس کے بعد برطانیہ اور آئرلینڈ ہیں جہاں اوسطاً ہر فرد کے 70 آن لائن اکاؤنٹس ہیں۔
کمپنی کے مطابق جب کسی فرد کے بہت زیادہ آن لائن اکاؤنٹس ہوتے ہیں تو ان کے پاس ورڈز یاد رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
اس کا کہنا تھا کہ بیشتر افراد اکثر ایک ہی پاس ورڈز متعدد اکاؤنٹس اور ڈیوائسز کے لیے استعمال کرتے ہیں مگر اس سے سکیورٹی خطرہ بڑھتا ہے۔