17 اکتوبر ، 2024
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان میں موجود انگلش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ملتان میں اپنے قیام سے بہت خوش ہیں اور ان کا یہاں دل لگ گیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم ملتان میں بیک ٹو بیک دو ٹیسٹ میچز کھیل رہی ہے اور اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ کہیں مہمان اسکواڈ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہ آجائے کیونکہ تین ہفتے ایک وینیو پر دو ٹیسٹ میچز کے لیے گزارنا بوریت کا باعث بن سکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مہمان ٹیم شہر سے باہر ایک گالف کورس کے ہوٹل میں قیام پذیر ہے۔
گنجان آباد شہر سے گزر کر ہوٹل پہنچنا اور پھر ہوٹل کے اندر ہی رہنے کی بجائے اس مرتبہ مہمان اسکواڈ کھلی فضا میں رہائش پذیر ہے۔
ڈے اینڈ نائٹ گالف کی سہولت اور واک کے لیے وسیع ٹریک نے انگلش ٹیم کا ملتان میں دل لگانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان انگلینڈ ٹیم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں قیام ہمیشہ خوشگوار رہا ہے،گزشتہ سیریز میں بھی کھلاڑیوں کا قیام آرام دہ رہا تھا اور اس مرتبہ گالف کورس میں رہائش کی وجہ سے وہ زیادہ خوش ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اسکواڈ کے اراکین کسی بھی وقت گالف کھیلنے جا سکتے ہیں، گروپس میں اراکین نائٹ گالف سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور یہاں لمبی واک کی سہولت بھی کسی رکاوٹ کے بغیر میسر ہے۔
انگلش ٹیم کے تمام کھلاڑی خوشگوار موڈ میں رہتے ہیں اور تازہ دم رہتے ہیں۔