23 اکتوبر ، 2024
کراچی میں احتجاج کے دوران وکلا نے شارع فیصل بند کردی جس کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کالا پل سگنل پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ذاتی جھگڑے پر پولیس کو مقدمہ درج کرنےکو کہا مگرپولیس نے منع کردیا۔
مشتعل مظاہرین نے ایک موٹر سائیکل کو بھی آگ لگادی۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
اس دوران احتجاج میں وکلا بھی شامل ہوگئے اور ایف ٹی سی فلائی اوور پر احتجاج شروع کردیا۔ اجتجاج کرنے والے وکلا نے شارع فیصل بھی بند کرادی۔
احتجاج کے باعث شارع فیصل کے دونوں ٹریکس بند ہوگئے۔ ایف ٹی سی، ڈیفنس اور متصل دیگر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
بعد ازاں وزیرداخلہ سندھ کی درخواست پر وکلا نے احتجاج ختم کردیا اور شارع فیصل کو ٹریفک کے لیےکھول دیا گیا۔