30 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک کے 56 شہروں میں غیر منقولہ جائیدادوں کے ویلیو ایشن ریٹس کو موجودہ مارکیٹ ریٹس کے 75 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین ایف بی آر نے 56 شہروں میں غیر منقولہ جائیدادوں کی ویلیو ایشن ریٹس میں اضافے کی منظوری دی۔
جائیدادوں کے نئے نرخوں سے متعلق نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کیا جا سکتا ہے جب کہ نئے نظر ثانی شدہ نرخ یکم نومبر 2024 سے لاگو ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت حکومت کسی قسم کی ٹیکس ایمنسٹی متعارف نہیں کرا سکتی لیکن تعمیراتی شعبے کے لیے ٹیکس کا بوجھ کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ایف بی آر نے ڈیولپرز اور بلڈرز کے ساتھ ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں متعدد ملاقاتوں کے بعد ویلیوایشن ریٹس میں اضافے کی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر 42 شہروں میں جائیدادوں کے نئے ریٹ مقرر کرتا تھا مگر اب ان شہروں کی تعداد بڑھا کر 42 سے 56 کر دی گئی ہے تاکہ عالمی بینک کے قرضوں کی شرائط پوری کی جا سکیں۔