31 اکتوبر ، 2024
ہیڈ کوچ پاکستان ہاکی ٹیم طاہر زمان کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنا ٹارگٹ ہے، اس کے لیے ہماری نظریں نومبر 2025 میں ہونے والے ایشیا کپ پر ہیں۔
طاہر زمان نے لاہور میں گفتگو کرتے ہو ئےکہا کہ اس وقت چین میں ہونے والے ایک ایونٹ میں ٹیم بھیجنے کا پلان ہے، چین کا ایک ٹاپ لیول ڈومیسٹک ٹورنامنٹ 11 سے 22 نومبر تک ہو رہا ہے، اس میں پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ ٹیم بھیج رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ پاکستان ہاکی ٹیم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہےکہ ایک شارٹ کیمپ لگا کر پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ ٹیم بنائیں، ٹیم کو 9 تاریخ تک چین بھجوانےکے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرنےکی کوشش کر رہے ہیں۔
طاہر زمان نےکہا کہ فنڈز کے بغیر کوئی کام نہیں ہوسکتا، ہائی پرفارمنس پروگرام کو شروع کرنے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے، ہائی پرفارمنس پروگرام نہیں ہوتا تو ورلڈکپ کی کوالیفکیشن کے لیے درست انداز میں تیاری نہیں ہو سکتی ، ہمارا ایک سال میں 25 میچز یورپ میں کھیلنےکا پلان ہے، حکومت سے درخواست ہے فنڈز دے، پرائیویٹ سیکٹر سے ہم خود کوشش کر رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے مزیدکہا کہ کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کر رہے ہیں تاکہ ان کے آف سیزن میں کیمپ لگائیں، کیمپ میں اسکلز کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائےگی تاکہ ورلڈکپ کوالیفکیشن کے لیے اچھی تیاری کی جاسکے۔