Time 07 نومبر ، 2024
پاکستان

محسن نقوی کی چینی سفیر سے ملاقات، کراچی میں چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر سے کراچی میں چینی شہریوں کے فائرنگ سے زخمی ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں واقع چینی سفارت خانے گئے جہاں انہوں نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی، محسن نقوی نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے 2 چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر اظہار  افسوس  کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ 

محسن نقوی نے واقعے کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیشرفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا، اس موقع پر انہوں نے چین کے سفیر ، حکومت اور  زخمی چینی شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔ 

دونوں شخصیات نے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لیے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہےتاکہ چینی شہریوں کے لیے محفوظ اور پر امن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی مسلسل پروان چڑھ رہی ہے جب کہ عملی تعاون میں بھی جامع پیشرفت ہوئی ہے۔ 

مزید خبریں :