Time 08 نومبر ، 2024
کھیل

جیسن گلیسپی کی پاکستان ٹیم کی وائٹ بال فارمیٹ میں کوچنگ کیلئے عدم دلچسپی

جیسن گلیسپی کی پاکستان ٹیم کی وائٹ بال فارمیٹ میں کوچنگ کیلئے عدم دلچسپی
گیری کرسٹن نے پاکستان ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے روانگی سے چند روز قبل استعفیٰ دے دیا تھا—فوٹو: فائل

جیسن گلیسپی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ میں کوچنگ سنبھالنے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی۔

انہوں نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کے دوران کوچنگ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ بال فارمیٹ میں صرف عبوری کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی ہے، ابھی اس وقت وائٹ بال فارمیٹ میں مستقل کوچنگ کرنے کا خواہشمند نہیں ہوں۔

جیسن گلیسپی نے کہا کہ میں نے کوچنگ کے لیے اپنا نام نہیں دیا ہے، پاکستان کرکٹ میں صر ف ریڈ بال کی کوچنگ کرنے کا مقصد ہی یہ تھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار سکوں۔

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے کہا کہ مجھے کوچنگ سے محبت ہے، مگر میں یہ سمجھتا ہوں کہ 11 مہینوں تک گھر سے باہر نہیں رہ سکتا، میں نہیں سمجھتا کہ ذہنی طور پر بھی میں یہ سب ہینڈل کرسکوں گا۔

یاد رہے کہ ریڈ بال فارمیٹ کے کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے وائٹ بال کوچ بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گیری کرسٹن نے پاکستان ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے روانگی سے چند روز قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزید خبریں :