Time 15 نومبر ، 2024
پاکستان

شیخ رشید صدر زرداری کے قتل کی سازش کے کیس سے بری

شیخ رشید صدر زرداری کے قتل کی سازش کے کیس سے بری
شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2023 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فوٹو فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔ 

جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود نےشیخ رشید کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

شیخ رشید احمد کا کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا آج اللہ تعالیٰ کی مدد سے بری ہوا ہوں، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں، ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے،  میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا، مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے، مچھ، لسبیلہ، مری میں کیس ہوا جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کسانوں کو پہلے ہی گندم کا ریٹ نہیں مل رہا، یہ آئی ایم ایف کے شکنجے کی حکومت ہے۔

یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2023 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، شیخ رشید کے خلاف سازش، عوام کو اکسانے کی دفعات مقدمہ میں لگائی گئی تھیں۔

گزشتہ روز  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مزید خبریں :