20 نومبر ، 2024
سپریم کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز، بیوروکریٹس کے لیے ایف14، ایف15 میں خصوصی سیکٹرز میں پلاٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کو دوبارہ معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی۔
سپریم کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز، بیوروکریٹس کے لیے ایف14، ایف15 میں خصوصی سیکٹرز میں پلاٹس کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنا تے ہوئےفیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی اپیل منظور کرلی اور 2022 کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو دوبارہ معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی، تین رکنی بینچ کا حصہ جسٹس عائشہ ملک نے محفوظ شدہ مختصر فیصلہ سنایا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اسکیم کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 21 مئی 2024 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہےگریڈ 21 سے ریٹائر ہونے والے متعدد افسران نے اس قرعہ اندازی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں، جن میں کہا گیا تھا کہ فیڈرل ہاؤسنگ اتھارٹی نے ان سے ایف 14 اور ایف 15 میں پلاٹ کے لیے پیسے لیے تھے لیکن جب وہاں پر پلاٹ نہ ملے تو حکام نے انھیں جی 12 میں پلاٹ دینے کا وعدہ کیا تھا۔