Time 28 نومبر ، 2024
پاکستان

پنجاب حکومت پی ٹی آئی والوں کو روکنے میں ناکام رہی، انہیں نکالنے کیلئے اچھا طریقہ استعمال کیا گیا: گورنر پنجاب

پنجاب حکومت پی ٹی آئی والوں کو روکنے میں ناکام رہی، انہیں نکالنے کیلئے اچھا طریقہ استعمال کیا گیا: گورنر پنجاب
پنجاب حکومت کی حکمت عملی ناکام رہی تو یہ کس بات کا کریڈٹ لے رہے ہیں، پنجاب پولیس کو ایکسپائر شیل دیے گئے: سردار سلیم حیدر۔ فوٹو فائل

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اور پولیس کی ناکامی کی وجہ سے پی ٹی آئی والے اسلام آباد پہنچے۔

سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا صوبے میں کنٹینرز لگا کر ایسا محسوس کرایا گیا کہ کوئی سونامی آرہا ہے، پنجاب حکومت کی حکمت عملی ناکام رہی تو یہ کس بات کا کریڈٹ لے رہے ہیں، جانی و مالی نقصان کے زیادہ ذمہ دار پی ٹی آئی والے ہیں تو کچھ کی ذمہ دار حکومت بھی ہے۔

سردار سلیم کا کہنا تھا کٹی پہاڑی اٹک کے پاس پنجاب پولیس کو ایکسپائر شیل دیے گئے جبکہ علی امین گنڈا پورنے سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پر دھاوا بولا، وفاق پر اس طرح دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا پی ٹی آئی والوں کو اسلام آباد سے نکالنے کا صحیح طریقہ استعمال کیا گیا، اگر پی ٹی والے ڈی چوک پہنچتے تو بہت بربادی ہونی تھی، سارے ادارے اس میں ناکام ہوئے کہ یہ مظاہرین اسلام آباد تک کیسے پہنچے، اسلام آباد میں آپریشن کرکے بہت اچھا کیا گیا یہی ہونا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور تو پہلے بھاگنا چاہتے تھے لیکن انہیں پی ٹی آئی کارکنوں نے جانے نہیں دیا۔

مزید خبریں :