03 دسمبر ، 2024
کراچی: محکمہ موسمیات نے پاکستان میں نومبر کا موسمی خلاصہ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق رواں سال نومبر پاکستان کی موسمی تاریخ کا گرم ترین مہینہ رہا، نومبر میں معمول کے اوسط سے درجہ حرارت 2.89 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ نومبر کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن نومبر 2024 میں ملک کا درجہ حرارت20.7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو گزشتہ 64 سالوں میں نومبر کا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں دن کے درجہ حرارت معمول کے اوسط سے 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہے، نومبر میں دن کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 25.9 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے لیکن اس بار نومبر میں دن کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، 64 سالہ موسمی تاریخ کا دن کا یہ دوسرا بلند ترین درجہ حرارت رہا۔
رات کے زائد درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول کے اوسط سے زائد رہا، رات کا درجہ حرارت 13.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، 64 سالوں میں رات کے اب تک کے زائد درجہ حرارت رہے کیونکہ پاکستان میں رات میں معمول کا اوسط درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تربت میں 3 نومبر گرم ترین دن کے طور پر ریکارڈ ہوا جس روز درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، مٹھی نومبر میں ملک کا گرم ترین مقام رہا جب کہ 28 نومبر کو اسکردو میں ملک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ملک کا سرد ترین مقام بھی اسکردو رہا۔
نومبر میں سب سے زیادہ بارشیں کہاں ہوئی؟
محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر میں ملک میں بارشیں معمول کے اوسط سے قریب رہیں، 30 نومبر کو خضدار میں ایک روز میں 54.3 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی، نومبر میں ایک روز میں سب سے زیادہ بارش خضدار میں ہوئی جب کہ دیر میں نومبر میں 110ملی میٹر بارش ہوئی۔