03 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
عمر ایوب نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا ہے اور ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کو اپنی جگہ جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کردیا ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ انہوں نے جوڈیشل کمیشن سے استعفےکا فیصلہ اپنے خلاف درج مقدمات کے باعث کیا ہے۔
عمر ایوب کے مطابق موجودہ لیگل چینلنجز جوڈیشل کمیشن میں مؤثر کارکردگی دکھانے میں رکاوٹ ہیں۔ ادارے کے مفاد میں ہےکہ میں کسی اورکو اپنی جگہ نامزد کروں جو اپنی تمام توجہ اس اہم رول پر ادا کرسکے۔
عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی ہےکہ میرا استعفیٰ جلد منظور کرکے بیرسٹرگوہر کو جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے بدلے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ سے شبلی فرازکی جگہ علی ظفر مستقل طورپرجوڈیشل کمیشن اجلاس میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ عمرایوب کی جگہ بیرسٹر گوہریا لطیف کھوسہ میں سے کوئی ایک پارٹی نمائندگی کرے گا۔
ذرائع نے بتایاکہ عمرایوب اور شبلی فراز پر بہت سے مقدمات ہیں اس لیے انہیں تبدیل کیا گیا، مقدمات میں ضمانت کے بعد عمر ایوب ہی جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے ہوں گے۔
خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ سے قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو جوڈیشل کمیشن میں شامل کیا گیا تھا۔