19 دسمبر ، 2024
خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قائم کردہ انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی غیرفعال ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے 4 ماہ کے دوران کوئی کارکردگی نہیں دکھائی،کمیٹی نے قیام سے اب تک صرف ایم پی اے شکیل خان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔
کمیٹی کے لئے خصوصی دفتر بھی قائم کیا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بدعنوانی کی روک تھام کے لیے اگست میں انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی قائم کی تھی۔
کمیٹی کی سفارش پر شکیل خان کو کابینہ سے ہٹایا گیا تھا۔کمیٹی میں مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی، سابق گورنر شاہ فرمان اور سینئر وکیل قاصی انور شامل ہیں۔
رکن انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی قاصی انور ایڈووکیٹ نے جیونیوز سےگفتگو میں کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ہماری کمیٹی غیرفعال ہوگئی ہے،کمیٹی کو صوبائی وزراء مینا خان اور قاسم علی شاہ کے خلاف شکایات موصول ہوئیں ہیں، کمیٹی کی کارکردگی بانی پی ٹی آئی کے نوٹس میں لاؤں گا۔
سربراہ پی ٹی آئی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی مصدق عباسی نے جیونیوز سےگفتگو میں کہا کہ کمیٹی کو شکایات آتی رہتی ہیں، شکایات کے تناظر میں کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوتی ہیں۔
پی ٹی آئی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی سے متعلق بیرسٹرسیف نے جیونیوز سےگفتگو میں کہا کہ کمیٹی براہ راست بانی پی ٹی آئی کو جوابدہ ہے،کمیٹی کی کارکردگی کے بارے میں فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔