30 دسمبر ، 2024
سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک پاکستانی لڑکے کی کہانی وائرل ہو رہی ہے جس نے 18 سال تنہا رہنے کے بعد اپنی والدہ کا نکاح کروا دیا۔
عبدالاحد نامی صارف نے سوشل میڈیا پر ایک دل موہ لینے والی ویڈیو شیئر کی جس میں اس نے بتایا کہ کس طرح اس نے اپنی ماں کی شادی کروائی اور اصرار کیا کہ وہ زندگی میں خود کو دوسرا موقع لازمی دیں۔
نکاح کی اس ویڈیو میں عبدالاحد نے بتایا کہ 'گزشتہ 18 سالوں میں، میں نے اپنی پوری کوشش کی کہ کس طرح اپنی والدہ کو اپنی حیثیت کے مطابق بہترین زندگی فراہم کروں، کیونکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی ہمارے لیے وقف کردی'۔
عبدالاحد نے لکھا 'میری والدہ بھی اپنی پرسکون زندگی گزارنے کی حقدار ہیں، اسی لیے بطور بیٹا میں سمجھتا ہوں کہ میں نے بالکل ٹھیک فیصلہ کیا، میں نے اپنی والدہ کے اس فیصلے میں ان کا ساتھ دیا اور انہیں آمادہ کیا کہ زندگی میں دوسرا چانس ضرور لیں'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'یہ انتہائی مشکل فیصلہ تھا جو میں نے لیا لیکن میری زندگی میں میری والدہ سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے'۔
ساتھ ہی صارف نے ایک بیان میں کہا 'میں اپنی والدہ کی شادی کی خبر سب کو دینے میں ہچکچا رہا تھا اور اسی میں مجھے کافی دن لگ گئے لیکن لوگوں کی جانب سے ملنے والا سپورٹ بہت اچھا تھا'۔
انہوں نے لکھا 'میں نے امی کو بھی بتایا کہ کیسے سب ہمارے اس فیصلے کو پسند کررہے ہیں'۔
عبدالاحد کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جب کہ بہت سے معروف بلاگرز نے عبدالاحد کے اس اقدام کو سراہا اور ان کی والدہ کے لیے ڈھیروں دعائیں دیں۔