06 جنوری ، 2025
کراچی کے تاجر اور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے صدر فراز خان کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے مقدمے میں میئر کراچی کے ترجمان سمیت 3 افراد کو نامزد کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز شاہراہ فیصل پر نر سری کے قریب 2 موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے تاجر اور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے صدر فرازخان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔
تاہم اب تاجر فراز خان نے میئر کراچی کے ترجمان کرم اللہ سمیت 3 ملزمان کو ٹیپو سلطان تھانے میں درج مقدمے میں نامزد کیا ہے لیکن پولیس کی جانب سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں تاجر نے بتایا کہ’میں اپنی کار میں سوار ہو کر برنس روڈ سے اپنے گھر پی ای سی ایچ ایس جارہا تھا کہ شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان نے مجھ پر فائرنگ کی،ایک گولی دائیں گال پر لگی اور گردن سے پار ہوگئی جب کہ دوسری گولی میری گاڑی پر بھی لگی‘۔
تاجر کے مطابق ’مجھ پر حملہ کروانے میں میرے پارٹنرکرم اللہ، مظہراور منصو ر شاہ شامل ہیں، انہوں نے مجھ سے 9کروڑ 87لاکھ کی رقم روڈ پیچنگ اور گارڈن کی صفائی کے ٹھیکوں کیلئے مختلف اوقات میں لیے، میں نے اپنی رقم واپس مانگی تو انہوں نے مجھے اسلام آباد سے بلواکر جان سے مارنے کی دھمکی دی اور کہا کہ پیسے بھول جاؤ ورنہ جان سے جاؤگے۔
ترجمان میئر کراچی کا مؤقف
دوسری جانب میئر کراچی کے ترجمان نے خود پر درج مقدمے کے خلاف مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ ’شرپسند عناصر شہر کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، میرے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کراکر بلیک میل کرنے کی کوشش کر جارہی ہے، جھوٹے مقدموں سے ڈرنے والا نہیں، ہر قسم کی انکوائری کیلئے تیار ہوں‘ ۔