10 جنوری ، 2025
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ سے معروف اداکار جیمز ووڈ کا گھر بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔
لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی اس آگ سے معروف شوبز شخصیات کے گھر جلے، شہر کے شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث پھیلنے والی آگ نے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، خاص طور پر مشہور پیسیفک پیلیسیڈز کے علاقے میں، جہاں مشہور شخصیات کے مہنگے گھروں کو نقصان پہنچا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جلنے والے گھروں میں 2 مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے والے اور 3 مرتبہ ایمی ایوارڈز جیتنے والے جیمز ووڈ کا گھر بھی شامل تھا، جو سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے رو پڑے۔
جیمز ووڈ نے انٹرویو میں کہا 'ایک دن آپ سوئمنگ پول میں نہا رہے ہوتے ہیں اور اگلے ہی دن سب ختم ہوجاتا ہے'۔
اداکار کی باتوں پر اینکر افسردہ ہوگئیں البتہ سوشل میڈیا پر جیمز ووڈ کو صارفین کی جانب سے کوئی ہمدردی نہ ملی، متعدد صارفین نے جیمز کو وہ وقت یاد دلایا جب وہ اسرائیل کی غزہ میں کی جانے والی نسل کشی کی حمایت کر رہے تھے۔
عبداللہ نامی ایک صارف نے لکھا جیمز ووڈ جن کا گھر لاس اینجلس میں لگنے والی آگ میں جل گیا، اب وہ عملی طور پر غزہ کے فلسطینیوں کے دکھ اور درد کو سمجھ سکیں گے جنہوں نے اسرائیل کی حمایت میں فلسطینیوں کو قتل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
صارف نے کہا جو کوئی ناانصافی کرتا ہے یا اس کا ساتھ دیتا ہے، خدا اسے جلد یا بدیر سزا ضرور دیتا ہے، یہ خدائی انصاف ہے جسے وہی سمجھ سکتا ہے جس کے دل میں کچھ ایمان ہو۔
اس کے علاوہ امریکی اسلامی اسکالر اور شہریوں کے حقوق پر بات کرنے والے ڈاکٹر عمر سلیمان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا دعا ہے کہ خدا لاس اینجلس اور اس سے باہر کے معصوم لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرے۔
انہوں نے لکھا ہم مدد نہیں کر سکتے لیکن اس اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ غزہ کے لوگ اقتدار کے ایوانوں میں ظالموں کے ہاتھوں تباہ ہوتے رہے ہیں، ان ظالموں کی حمایت سے جو اپنی حویلیوں میں خود کو ناقابل تسخیر محسوس کرتے ہیں۔