02 مارچ ، 2013
کراچی … وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ 16 مارچ کی رات 12 بج کر ایک منٹ پر ملک میں نگراں حکومت ہوگی۔ کراچی میں حج آرگنائزر ایسوسی ایشن کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں وزیرا عظم کیلئے مشاورت جاری ہے اور مسلم لیگ نواز اپنے اجلاس کے بعد نگراں وزیر اعظم کیلئے نام حکومت کو دے گی۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار تمام اراکین اسمبلی کو معلوم ہے کہ اسمبلی کی مدت کب پوری ہورہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن راضی ہوئی تو صدر زرداری تمام اراکین اسمبلی کو الوادعی عشائیہ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے جانے کی 27 بار پیشگوئی کی گئی۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتحاد بنانے کا سب کو حق ہے، سیاسی جماعتوں کے درمیان روٹھنے اور منانے کا عمل جاری رہتا ہے۔