23 جنوری ، 2025
قائد اعظم بین الصوبائی گیمز میں میڈلز جیتنے والے ایتھلیٹس کو سندھ کے محکمہ کھیل کی جانب سے ملنے والے چیکس میں کئی غلطیاں سامنے آئی ہیں، کھلاڑی اور ان کے اہل خانہ پریشان ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والے بین الصوبائی گیمز میں سندھ کے دستے نے بھی شرکت کی اور 79 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن لی۔ سندھ سرکار نے میڈلز جیتنے والے بچون کو کیش ایوارڈ دینےکےلیے تقریب سجائی۔گولڈ میڈل کو ایک لاکھ، سلور میڈلز کو 75 ہزار اور برانز میڈلز جیتنے والوں کو 50 ہزار روپےکا چیک دیا گیا۔
تاہم میڈلز جیتنے کے لیے جیتنی محنت ایتھلیٹس نے کی کم از کم اتنی محنت والدین کو چیک درست کرانے میں بھی کرنا پڑے گی۔
چیک کیش کرانا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ بیشتر چیکس پر تحریر میں کچھ رقم اور ہندسوں میں دوسری رقم درج تھی، یعنی چیک میں 65 ہزار ہندسوں میں درج ہیں اور تحریر میں 50 ہزار درج ہیں۔کسی پر ہندسوں کی رقم 15ہزار درج ہے تو تحریر میں اس سے کئی گنا زیادہ رقم درج ہے۔
کئی چیکس بچوں کے نام سے بنائے گئے جب کہ ابھی تک ان بچوں کے اکاؤنٹ ہی نہیں بنے، والدین کہتے ہیں وہ اپنے اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کراچکے ہیں جب کہ محکمہ کھیل کہتا ہے کہ والدین نے تفصیلات نہیں دیں۔
سندھ سرکار نے چیک دینے کی تقریب تو کر ڈالی لیکن محکم کھیل کے اکاؤنٹ میں رقم ہی موجود نہیں اس وجہ سے جو چیک دیے گئے ان کو کیش کرانے کی تاریخ ایک ماہ بعد کی دی گئی۔
محکمہ کھیل کے سیکرٹری عبدالعلیم لاشاری کا کہنا ہےکہ تھرڈکواٹر کی گرانٹ ریلیز نہیں ہوئی، چیک باؤنس نہ ہوں اور کھلاڑی پریشان نہ ہوں اس وجہ سے تاریخ ایک ماہ بعد کی دی گئی۔ سیکرٹری اسپورٹس نے تسلیم کیا کہ چند چیکس میں غلطیاں ہو گئی ہوں گی، وہ دفتر آکر صحیح کرالیں۔