Time 29 جنوری ، 2025
دنیا

بھارت: کمبھ کے میلے میں بھگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی

بھارت: کمبھ کے میلے میں بھگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی
فوٹو بھارتی میڈیا

بھارت میں کمبھ کے میلے میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 40 ہوگئی اور متعدد زخمی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر پریاگ راج میں جاری کمبھ کے میلے میں بدھ کی شب حادثہ پیش آیا جہاں میلے میں لگے بیرئیرز ٹوٹ کر ہزاروں افراد کے ہجوم پر گرپڑے جس سے ہجوم میں بھگڈر مچ گئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ یہ حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 2 بجے کے قریب پیش آیا جہاں سمندر کنارے موجود ہزاروں لوگ بیرئیرز ٹوٹنے کی وجہ سے خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور اس علاقے میں بھگڈر مچ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین کا بتانا ہےکہ کمبھ کے میلے میں پیش آنے والے حادثے میں درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم اب تک حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد تقریباً 28 ملین افراد نے بدھ کی صبح 8 بجے دریا میں ڈبکی لگائی اور مذہبی رسومات ادا کیں جب کہ 13 جنوری سے جاری کمبھ کے میلے میں اب تک 200 ملین افراد دریا میں مذہبی رسومات ادا کرچکے ہیں۔

بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے حادثے کے بعد ریاستی وزیر صحت کو زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :